Air Travel: Types of Baggage & Essential Precautions

Air Travel: Baggage Types & Essential Precautions | فضائی سفر

فضائی سفر: سامان کی اقسام اور ضروری احتیاطیں

چیک اِن بیگیج اور ہینڈ کیری میں فرق

چیک اِن بیگیج

یہ عموماً بڑا سوٹ کیس یا بیگ ہوتا ہے جو ایئرلائن کے کاؤنٹر پر جمع کرایا جاتا ہے اور جہاز کے کارگو حصے میں منتقل کردیا جاتا ہے۔ یہ سامان پرواز کے دوران مسافر کے پاس نہیں ہوتا اور منزل پر بیگیج کلیم سے وصول کیا جاتا ہے۔

اہم احتیاط: اس میں پاسپورٹ، ویزا، ضروری دستاویزات، رقم، موبائل فون، قیمتی اشیا، فوری ضرورت کی ادویات، پاور بینک یا اضافی لیتھیم بیٹریاں ہرگز نہ رکھیں۔

ہینڈ کیری یا کیبن بیگیج

یہ نسبتاً چھوٹا بیگ ہوتا ہے جو مسافر اپنے ساتھ جہاز کے کیبن میں لے جاتا ہے۔ اسے سامنے والی نشست کے نیچے یا اوورہیڈ لاکر میں رکھا جاتا ہے۔

ضروری اشیا ہینڈ کیری میں رکھیں: پاسپورٹ، ایمپلائمنٹ ویزا، پروٹیکٹر رجسٹریشن، جاب کنٹریکٹ، ایئر ٹکٹ، بورڈنگ پاس، موبائل فون، رقم، ضروری ادویات اور دیگر اہم اشیا۔

بیگ کے وزن، سائز اور قابلِ اجازت اشیا کی حدود ایئرلائن کے مطابق مختلف ہوسکتی ہیں۔

فضائی سفر کے دوران ضروری احتیاطیں

  1. درست پاسپورٹ، ایمپلائمنٹ ویزا، پروٹیکٹر رجسٹریشن، ملازمت کا معاہدہ اور ایئر ٹکٹ ہمیشہ ہینڈ کیری میں رکھیں؛ چیک اِن بیگیج میں نہ ڈالیں۔
  2. پاور بینک اور اضافی لیتھیم بیٹریاں ایئرلائن کی مقررہ حدود کے مطابق صرف ہینڈ کیری میں رکھیں۔ انہیں چیک اِن بیگیج میں رکھنا ممنوع ہے۔
  3. کیبن کریو کی ہدایت ملتے ہی موبائل فون اور دیگر الیکٹرانک آلات کو فلائٹ موڈ پر کردیں۔
  4. نشست پر بیٹھے ہوئے سیٹ بیلٹ باندھے رکھیں۔ کمبل استعمال کریں تو بیلٹ اس کے اوپر نمایاں رکھیں تاکہ چیکنگ کے دوران اگر آپ آرام کررہے ہوں تو آپ کو ڈسٹرب نہ کیا جائے۔
  5. کیبن کریو کی سیفٹی بریفنگ توجہ سے سنیں اور سامنے والی نشست کی جیب میں موجود حفاظتی ہدایات کا کارڈ پڑھیں۔
  6. اپنی سیٹ کے قریب ترین ایمرجنسی ایگزٹ گیٹ اور اس کا راستہ اچھی طرح سمجھ لیں اور اسے یاد رکھیں۔
  7. ہینڈ کیری سامان اوورہیڈ لاکر یا سامنے والی نشست کے نیچے محفوظ طریقے سے رکھیں۔ راستے اور ایمرجنسی ایگزٹس خالی رکھیں۔
  8. طویل سفر کے لیے آرام دہ اور قدرے ڈھیلے کپڑے اور مناسب بند جوتے پہنیں۔
  9. طبیعت خراب ہونے، چکر آنے یا کسی طریقۂ کار کے بارے میں الجھن کی صورت میں کال بٹن دبا کر کیبن کریو سے مدد طلب کریں۔
  10. دورانِ سفر درکار ادویات اصل لیبل والی پیکنگ میں، ڈاکٹر کے نسخے کے ساتھ، ہینڈ کیری میں رکھیں۔ جس ملک جارہے ہیں اس کے ادویات لے جانے سے متعلق قواعد پہلے معلوم کرلیں۔
  11. طویل پرواز کے دوران وقفے وقفے سے ٹانگیں ہلائیں اور ٹخنوں کو گھمائیں تاکہ خون کی گردش چلتی رہے۔ کسی طبی مسئلے کی صورت میں سفر سے پہلے ڈاکٹر سے مشورہ کریں۔
  12. لینڈنگ کے بعد اوورہیڈ لاکر احتیاط سے کھولیں، کیونکہ سامان اپنی جگہ سے سرک سکتا ہے۔
  13. جہاز کے مکمل طور پر رکنے اور سیٹ بیلٹ کا نشان بند ہونے تک اپنی نشست پر بیٹھے رہیں۔
  14. موبائل فون چارج رکھیں اور خاندان، آجر، اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹر اور متعلقہ پاکستانی سفارت خانے کے رابطہ نمبرز محفوظ کریں۔
  15. جہاز سے اترنے سے پہلے سیٹ کی جیب، نشست کے نیچے اور اوورہیڈ لاکر دوبارہ دیکھیں تاکہ پاسپورٹ، موبائل، بٹوا یا کوئی سامان رہ نہ جائے۔
  16. واش روم کا دروازہ درست طور پر لاک کریں، ٹشو مقررہ ڈسٹ بن میں ڈالیں اور واش بیسن صاف چھوڑیں۔
  17. ساتھی مسافروں، کیبن کریو اور ایئرپورٹ عملے کے ساتھ پُرسکون، شائستہ اور تعاون پر مبنی رویہ اختیار کریں۔
  18. ہینڈ کیری میں مائع اشیا عموماً زیادہ سے زیادہ 100 ملی لیٹر کے علیحدہ کنٹینرز میں ایک شفاف، دوبارہ بند ہونے والے بیگ میں رکھنی ہوتی ہیں۔ ایئرلائن اور متعلقہ ایئرپورٹس کے تازہ قواعد ضرور چیک کریں۔
  19. سفری اور ملازمت سے متعلق دستاویزات کی پرنٹ شدہ نقول یا محفوظ ڈیجیٹل بیک اَپ اصل دستاویزات سے الگ رکھیں۔
  20. جہاز سے اترنے کے بعد ٹرانزٹ، امیگریشن اور بیگیج کلیم کے سائن بورڈز غور سے دیکھیں۔ رہنمائی صرف مجاز ایئرپورٹ عملے سے حاصل کریں۔
  21. بورڈنگ پاس سفر مکمل ہونے، امیگریشن کلیئر ہونے اور چیک اِن بیگیج ملنے تک محفوظ رکھیں۔

مختصر مشورہ

روانگی سے پہلے ایئرلائن سے ہینڈ کیری اور چیک اِن بیگیج کے قابلِ اجازت وزن، سائز، تعداد اور ممنوعہ اشیا کی تازہ معلومات ضرور حاصل کریں۔ مقررہ حد سے زیادہ سامان پر اضافی فیس یا سامان روکنے کی کارروائی ہوسکتی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Air Travel: Types of Baggage & Essential Precautions

Qureshi Global Travel

qureshitrv@gmail.com